دین کی خدمت کرنیوالوں کو مصطفیؐ کی شفقت نصیب ہو تی ہے: شاہ عبد الحق
کراچی (نیوزرپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کرا چی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ دین اسلام کی خاطر جدو جہد کرنے والوں کو مصطفی جان ِ رحمت ﷺکی نگاہِ شفقت و محبت نصیب ہو تی ہے ۔اپنے اسلاف کی تعلیمات پر عمل اور ان سے محبت و عقیدت کا مستحکم رشتہ دنیوی اور اخروی کامیابیوں کا ضامن ہے ۔انہوںنے نارتھ کراچی میں محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کیلئے بزرگان دین عظیم محسن کا درجہ رکھتے ہیں ،انہی نفوس قدسیہ کی شب و روز محنت اور تبلیغ سے اس خطہ بر صغیر کے رہنے والوں کو اسلام کی عظٰم نعمت نصیب ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دور ِ حاضر کے فتنوں سے مقابلہ کرنے کیلئے اہل تصوف کی تعلیمات سے انسانوں کو روشناس کرانا ضروری ہے ۔علماء کرام کو باقاعدہ حکمت عملی مرتب کر کے اپنی آنے والی نسلوں کے دل و دماغ پر اسلام اور مصطفی کریم ﷺ کی محبت نقش کرنے کی ذمہ داری نبھانی ہو گی۔