پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان مذاکرات کل سے بیجنگ میں شروع ہو ں گے

پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف )ے3 روزہ براہ راست مذاکرات منگل سے بیجنگ میں شروع ہوں گے ، اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، فروری میں پیرس اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ووٹنگ ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفد ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات کیلئے چین پہنچ گیا، ایف اےٹی ایف سے3 روزہ مذاکرات کا آغاز منگل سے ہوگا، پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہرکررہے ہیں جبکہ نیشنل کانٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا )، کسٹمز، اسٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو ) وزرات خارجہ اور وزرات داخلہ کے حکام وفد میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے گرے فہرست سے نکلنے کیلئے متحرک سفارتی ڈپلومیسی اپناتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک سے رابطہ جاری ہے۔ پاکستان نظرثانی رپورٹ 8جنوری کوایف اے ٹی ایف کوبھجواچکاہے، جس میں بتایا گیا پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے۔ بیجنگ میں23جنوری تک ہونیوالے مذاکرات فیس ٹوفیس ہوں گے، ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، پاکستان اکتوبرتاجنوری تک27شرائط پرعملدرآمدرپورٹ پیش کرےگا۔رپورٹ 16 فروری سے شروع پیرس اجلاس میں زیرغورلائی جائے گی اور پیرس اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ووٹنگ ہوگی۔