عاشقان رسول کو دیوارسے لگانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی:شکیل قاسمی
کراچی (نیوز رپورٹر)عاشقان رسولﷺ کو دیوارسے لگانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، پاکستان میں دہشتگرد آزاد اور علماء حق وعاشقان رسول ﷺپر مقدمات قائم کرکے سزائیں سنائی جارہی ہیں،ملک میں انقلاب نظام مصطفیٰ ﷺ ناگزیرہوچکا ہے،عاشقان مصطفیٰ ﷺ متحد ہوجائیں ۔یہ باتیں تحریک بیداریء فکرامام نورانی کے کنوینر، متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل محمدشکیل قاسمی نے مرکزی سیکریٹریٹ میں نوجوانان اہلسنّت کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان کو تباہ وبرباد کرنے پرتلے ہیں مگر پاکستان بنانے والوں کی اولادیں اس مملکت خداداد کو اس طرح تباہ وبرباد نہیں ہونے دیں گے ،یہ ملک ہمارے آبائو اجداد نے بڑی قربانیاں دے کر بنایا تھا ۔عوام اہلسنّت کی بیداری حکمرانوں کے نوشتہء دیوار ہے ،ملک کے عوام نے حکمرانوں کو ستر سال سے زیادہ کا عرصہ دیا مگر اب پیمانہء صبر لبریز ہوچکا ہے ،بہتر ہوگاکہ حکمران خود مستعفی ہوکر عوام کی جان چھوڑدیں ورنہ ملک کے غیورعوام خود میدان عمل میں نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب دووقت کی روٹی کو ترس گئی ہے ،مہنگائی و بے روزگاری عروج پر ہے مگر حکمران صرف مخالفین کو زیرکرنے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل ملک میں نظام مصطفی ﷺ کانفاذ ہے اور اب قوم کو اس ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺکو لانا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا برا حال کردیا ہے قوم کوعوام دشمن حکمرانوں سے چھٹکارے کے لئے میدان عمل میں آناہوگا،ملک میں نظام مصطفیٰﷺ کے نفاذ اور دنیا میں اسلام کی سربلندی کے لئے علمائے کرام اور مشائخ عظام اپنا فریضہ سرانجام دیتے رہیںگے، کلمہ حق بلند کرنا ہمارے اکابر کا وطیرہ رہا ہے اور ہم بھی اس فریضے کو انجام دیتے رہیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ قوم باطل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائے اور ظالموں کے نظام کو نیست ونابود کردے۔