وفاقی دارالحکومت میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ،ضلعی انتظامیہ
اسلام آباد (وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں آٹے کے بحران سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ملک بھر میں آٹے کے بحران سے متعلق خبروں کے بعد اسلام آباد میں بحران کے سر اٹھانے سے قبل ہی اقدامات کر لیئے گئے ہیں،سرکاری نرخوں پر آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیمیں سرپرائز وزٹ کر رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ بحران کے خدشے کے پیش نظر اسلام میں 13 فیئر پرائس شاپس قائم کر دی گئی ہیں۔اسلام آباد کی حدود میں قائم فلور ملز کو آٹے کی فراہمی برقرار رکھنے سے متعلق واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کوئی بھی فلور مل آٹے کے 500 سے زائد بیگ ذخیرہ نہیں کر سکتی۔ضلعی انتظامیہ نے فلور ملز میں ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے بھی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور ذخیرہ اندوزوں سے متعلق معلومات ضلعی انتظامیہ شیئر کریں۔