سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں آج سے او پی ڈی کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان
کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں آج 20؍جنوری 2020 ، بروز پیر سے نیم طبی عملہ او پی ڈی کا یومیہ بنیاد پربائیکاٹ کا آغاز کرے گا اور بروز بدھ 22؍جنوری 2020کو سندھ بھر کے کارکنان کے کراچی پریس کلب پر پہنچنے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے اس بات کا اعلان سرکاری اسپتالوں کی نیم طبی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا کیمپ میں اعجاز کاکیپوٹہ، سلیمان میمن ، اخلاق احمد خان، شریف پالاری، نیاز احمد خاصخیلی، عبدالقادر مستوئی اور بابر خان نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اعجاز کاکیپوٹہ نے کہا کہ یہ عجب تماشا ہے مذاکرات کی میز پر حکومت مطالبات کو تسلیم کرتی ہے اورعمل کرنے کے مطالبے پر خزانہ خالی ہونے کا لالی پاپ دیتی ہے جبکہ حکومت سندھ ووزیراعلیٰ سندھ کے حلقہ انتخاب میں عبداللہ شاہ ہیلتھ انسٹیٹیوٹ میں تمام اسٹاف بشمول پیرا میڈیکل اور وفاق کے دو اسپتالوں جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ میں بھی پیرا میڈیکل اسٹاف کو 50%ہیلتھ الائونس دیا جا رہا ہے تو ہمیں ہیلتھ الائونس دیتے ہوئے خزانہ کیسے خالی ہو رہا ہے۔ دریں اثناء اتوار کو پانچویں روز بھی احتجاجی دھرنا جاری رہا ، دھرنا کے شرکاء سے نیاز احمد خاخیلی، اخلاق احمد خان ، شریف پالاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20جنوری بروز پیر سے صوبہ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈی کے مکمل بائیکاٹ کا آغاز مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا اور احتجاجی دھرنا بھی نوٹیفکیشن کے اجراٗ تک جاری رہے گا جبکہ اب تک ہم سے جے یو آئی ف کے رہنمائوں کے علاوہ سرکاری اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والوں نے ہم سے اظہار یکجہتی نہیں کیا ہے۔