کراچی‘ پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث چاروں ملزم گرفتار
کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کی بڑی کامیابی، 14جنوری کی رات پولیس کانسٹیبل عرفان خان کو شہید کرنے والے چاروں ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ملزمان میں نادر شاہ، فہد ولد حضور بخش، ارمان عرف مانی اور راجو شامل ہیں۔ ملزمان کو گزشتہ شب گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ سمیت 2 پستول اور دو سرقہ شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کے وقوعے کی رات انہوں نے کچھ دوکانوں کو لوٹا تھا اور اس کے بعد لوٹ مار کی رقم کو آپس میں تقسیم کرنے سیکٹر 5 ایف میں واقع عیدگاہ گرائونڈ آئے تھے۔ جب پولیس کانسٹیبلز نے دوران گشت چیکنگ کے ارادے سے انہیں روکا تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی جس میں دو گولیاں کانسٹیبل عرفان کو لگیں جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے کچھ موبائل فون اور نقدی بھی برآمد ہوئے۔ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، جن کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج کر کے ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔