خطے کی خطرناک صورتحال کا ذمہ دار امریکہ ہے : ایران
تہران (آئی این پی )ایرانی وزیر خارجہ نے مغربی ایشیا کی صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ محمد جواد ظریف نے بھارتی انٹرنیٹ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کی خطرناک صورتحال کی وجہ در اصل امریکہ کا متکبرانہ اور گستاخانہ رویہ ہے اس لئے کہ امریکہ، تمام امور اور حالات کومغربی ایشیا کے علاقے کے عوام کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے اپنی سوچ و فکر کے مطابق دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاعلاقے کے عوام کی جانب سے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کی بڑے پیمانے پر حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد دنیا کے مختلف ممالک اور علاقوں میں ان کی یاد میں تعزیتی پروگرام منعقد ہوئے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے صرف دہشتگرد گروہ داعش، امریکی صدر ٹرمپ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو خوش ہوئے۔