بلین ٹری منصوبے کے تحت پنجاب میں 5 کروڑ پودے لگائے جائیں گے: محکمہ جنگلات
لاہور(اے پی پی )محکمہ جنگلات موسم برسات2020 ء کی شجر کاری کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دے رہا ہے جس کے لئے سکولوں ، کالجوں، افواج پاکستان اور دیگر اداروں سے مل کر شجر کاری کی جارہی ہے۔ترجمان محکمہ جنگلات پنجاب کے مطابق پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 5.1%ہے جو کہ 25فیصد ہونا چاہیے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب میں 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات حکومت پنجاب کے زیر انتظام 16لاکھ 39ہزار 497ایکڑ رقبہ ہے جوکہ صوبہ پنجاب کے کل رقبہ کا 3.27فیصد ہے جن میں پہاڑی جنگلات 171000ایکڑ، نیم پہاڑی جنگلات 635497ایکڑ،چراگاہوں کا رقبہ 318000ایکڑ جو کل ملا کر (1.639ملین ایکڑ)ہے۔ترجمان کے مطابق یہاں یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ حکومت پورے ملک کو سرسبزوشاداب بنانا چاہتی ہے اورخاص طور پر پنجاب کے اندر شجرکاری کے پروگرام کو ایک تحریک کی شکل دینا چاہتی ہے تاکہ ملک میں درختوںکی وجہ سے ایک سبز انقلاب آئے ، بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نپٹنے اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔پاکستان کا شمار ان پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے کہ جو کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ان مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں بحیثیت قوم شجرکاری اور جنگلات کے شعبہ کو اولین ترجیح دینی ہے،آئندہ پانچ برسوں میں ایک سبز انقلاب لانا ہے، شجرکاری ہر پاکستانی کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم برسات 2019 کی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پنجاب بھر میں363سرکاری نرسریاںاور244سیل پوائنٹس ضلع و تحصیل کی سطح پر قائم کئے جا چکے ہیں جن میں عوام کو 55.16 ملین پودے اور قلمات فراہم کئے گئے۔