سرگودھا: کار ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی‘ ایلیٹ اہلکار سمیت 3 جاں بحق
بھلوال ‘ پھلروان‘ سرگودھا (نامہ نگاران) سرگودھا کے نواحی علاقے پھلروان کے قریب تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایلیٹ فورس کے جوان سمیت تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہائوالدین کے رہائشی قمر عباس، جنید عباس اور شاہ ویز نامی نوجوان کار میں سوار منڈی بہائوالدین سے بھلوال آرہے تھے۔ گاڑی پھلروان کے قریب بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس سے ایلیٹ فورس کا اہلکار قمر عباس اور کار ڈرائیور جنید عباس موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ساتھی شاہ ویز تحصیل ہسپتال دم توڑ گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔