ٹیسٹ سیریز ‘قومی ٹیم کیلئے ممکنہ 19کھلاڑی طلب‘تربیتی کیمپ آج سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز پیر سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 جنوری سے شروع ہونیوالے تربیتی کیمپ کیلئے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں اظہر علی، کپتان (سنٹرل پنجاب)، اسد شفیق(سندھ)، عابد علی (سندھ)، بابراعظم (سنٹرل پنجاب)، بلال آصف (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، حارث سہیل (بلوچستان)، امام الحق (بلوچستان)، عمران خان سینئر (خیبرپختونخوا)، کاشف بھٹی (سندھ)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد رضوان، وکٹ کیپر(خیبرپختونخوا)، موسیٰ خان (ناردرن)، نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شان مسعود (سدرن پنجاب)، یاسر شاہ ( بلوچستان) اور عثمان شنوای (خیبرپختونخوا)۔ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے باعث بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ 28 جنوری کو کیمپ جوائن کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنیوالے تمام 16 کھلاڑیوں کے علاوہ موسیٰ خان، فہیم اشرف اور بلال آصف کو ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ میں طلب کیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں 42وکٹیں حاصل کرنیوالے بلال آصف کو ایونٹ میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو فٹنس کی مکمل بحالی کے بعد قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔ موسیٰ خان سری لنکا کیخلاف قومی ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں تھے مگر وہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ لر وقار یونس کے ہمراہ ٹریننگ کرتے رہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد کیا جائیگا۔