خانقاہی نظام کا مقصد مخلوقِ خدا کی روحانی تربیت کرنا ہے،پیر محمدنقیب الرحمن
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام کی جان ، روح اور حقیقی مقصد مخلوقِ خدا کی یہ روحانی تربیت کرنا ہے کہ انسان کا سب سے قیمتی اثاثہ ایمان ہے اور ایمان کی حفاظت و مضبوطی کے لئے ہمارے پاس مشعلِ راہ اطاعتِ رسولِ مقبول ﷺ ہے۔ ہمارے آقا و مولا ﷺ کا ارشادِ پاک ہے کہ ابنِ آدم ؑکے وجود کے اندر ایک گوشت کا لوتھڑادل ہے ۔ جب انسان کا دل پاک صاف ہو کر سنور جاتا ہے تو اس کا سارا وجود سنور جاتا ہے۔ دلوں کی پاکیزگی اور اطمینان کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ جو کچھ ہماری زبانوں پر ہو وہی ہمارے دل میں ہو اور ہم ہر گز منافقت کا شکار نہ ہوں۔بر صغیر پاک و ہند میں اشاعت و ترویجِ اسلام کے ساتھ ساتھ مخلوقِ خدا کے روحانی تزکیئے میں خانقاہی نظام کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں جہاں سے مخلوقِ خدا کو آپس میں شیر و شکر کرکے ان کے کردار و اخلاق میں سے تمام رذائلِ اخلاق کو ذائل کرنے کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ بزرگانِ طریقت عید گاہ شریف نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ لوگوں کے دلوں میں عشق و محبتِ مصطفی ﷺ کی شمع روشن کرنے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کر رکھا تھا اور انشا اللہ اسی جذبے کو عام کرنے ، نفرتوں کو مٹانے اور محبتوں کو عام کرنے کے لئے آج بھی یہ کوششیں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے مفتی فیصل حسین نقشبندی اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمدطاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے اُمت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی ،ترقی ،افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحادِ بین المسلین کی خصوصی دعا کی۔