وزیراعظم کا معیشت کو مضبوط بنانے کا عزم
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔ نوجوانوں کے وفد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے۔ مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی۔
پاکستان وسائل سے بھر پور ملک‘ نوجوان ٹیلنٹ اور ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مطلوبہ مہارت سے معمور ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد نوزائیدہ ملک کی اٹھان قابل رشک تھی ساٹھ کی دہائی میں پاکستان نے جرمنی کو قرض دیا اور چین کی کئی حوالوں سے مدد بھی کرتا رہا مگر کچھ حکمرانوں کی نااہلی اور ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے کی پالیسی سے صورتحال کو بگاڑ دیا۔ وسائل کو لوٹنے میں سبقت لے جانے کی بھی دوڑ نظر آئی جس کے سبب بہت سے ادارے دیوالیہ ہو گئے۔ آج اداروں کو خسارے سے نکالنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جس میں لوٹ مار کا سلسلہ بند ہونے کے بعد بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔ آج معیشت کی زبوں حالی اور عوام کی بدحالی کی ایک وجہ کرپشن بھی ہے وزیراعظم کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ مافیا سے پائی پائی کا حساب لینے کا اعادہ کرتے ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے کرپشن کا جڑوں سے خاتمہ اور کرپٹ لوگوں کو ان کے انجام تک لیجانا اور پائی پائی وصول کرنا ضروری ہے جس کیلئے حکومت پر عزم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی توجہ صنعتوں کی طرف بھی ہے۔ حکومت نے اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار حالات پیدا کر دیئے ہیں جو سرمایہ کاروں اور جو کاروباری لوگوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں کرپشن کے خاتمہ اور صنعتوں کے فروغ سے یقیناً ملکی معیشت استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی کا پہیہ بھی تیزی سے گھومے گا۔