باڑہ مارکیٹ میں رہائشی مقاصد کیلئے قائم بالائی منزل کو کمرشل استعمال کرنے کیلئے تعمیرات شروع
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ٹی ایم اے افسران و اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے مین باڑہ مارکیٹ راولپنڈی میں بلڈنگ بائی لاز کے برخلاف رہائشی مقاصد کے لیے قائم بالائی منزل کو کمرشل استعمال کرنے کے لیے تعمیرات شروع کر دی گئیں، ہندوئوں کے زمانے کی قائم بلڈنگ کی اوپری منزل پر کمرشل تعمیرات کرنے سے بلڈنگ مخدوش ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن راولپنڈی کو دی گی تحریری درخواست میں جنرل سیکرٹری مین باڑہ مارکیٹ راولپنڈی عصمت اللہ خان نے کیا،انہوں نے کہا کوہسار مارکیٹ کی بالائی منزل جو کہ رہائشی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی تھی کے مالک نے انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے بلڈنگ کی بالائی منزل کو کمرشل استعمال کروانے کے لیے تعمیرات شروع کر رکھی ہیں ،معلوم ہوا ہے کوہسار مارکیٹ ہندووں کے زمانے میںبنائی گی تھی جس کی چھت لکڑی کے بالوں سے بنائی گی تھی اور اب نئی تعمیرات کرنے سے بلڈنگ گرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے،نچلی بلڈنگ میں بیس سے زائد دکانیں قائم ہیں جس کی وجہ سے درجنوں افراد کی قیمتی انسانی جانیں داؤ پر لگ گئی ہیں ،جبکہ ٹی ایم اے کی جانب سے مذکورہ بلڈنگ کی بالائی منزل پر تعمیرات کو روکنے اوبلڈنگ کانقشہ منظورکروانے کے لیے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے جس سے درجنوں انسانی جانیں داؤ پر لگ گی ہیں ،تاہم شہری کی متعدد درخواستوں کے باوجود انتظامیہ کے افسران و اہلکارغیر قانونی تعمیرات کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو کر رہ گے ہیں ۔شہری نے ا خبارات کے توسط سے متعلقہ محکموں سے مذکورہ بلڈنگ کی غیر قانونی تعمیرات کو روکنے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے