ان ہائوس تبدیلی سیاسی جماعتوں کا آئینی وقانونی حق ہے:شہزاد نذیرسندھو
رائے ونڈ (نامہ نگار) مسلم لیگی رہنماء چودھری شہزادنذیر سندھو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی سیاسی جماعتوں کا آئینی اور قانونی حق ہے جو پارلیمنٹ میں کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکتا ہے، اس میں کوئی دورائے نہیں ہے، پاکستان کی اس وقت جو صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، خاص طور پر آٹے اور گندم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آٹے اور گندم کا بحران پیدا ہوگیا ہے، حکومت سے پوچھنا ہوگا کہ گندم کے ذخائر کہاں گئے، انہوں نے کہا کہ گندم، آٹے اور روٹی کے ستائے عوام دہائی دے رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی قلت کا ذمہ دار کون ہے، اس کا تعین کیا گیا، گندم کی فراہمی میں کوئی گڑبڑتھی تو اس کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیا گیا،اگر مسئلہ گندم کی فراہمی کا ہے تو فوری گندم فراہم کرکے اس مسئلے کو حل کیوں نہیں کیا گیا۔بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔