تبدیلی سرکار نے عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی:ذکراللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کی ناکام معاشی پالیسیوں سے غریبوں سے دووقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے سفید پوش اور عام آدمی کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے وا لے سیا سی و سماجی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک بھر میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ تمام بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریبوں کے لیے جان لیوا ثابت رہا ہے۔ بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کیلئے مشکلات کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید 6 روپے فی کلو اضافہ ہوچکا ہے جس سے آٹے کی قیمت 70 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہے۔