ساہیوال واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے,اسی طرح قوم متحد رہی تو کوئی چور لٹیرا بچ نہیں پائے گا: شیخ رشید
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، اگر وہ ملوث پائے گئے تو جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ انھیں نشان عبرت بنا کر مثال قائم کریں گے۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جانتا ہوں، وہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دے گا۔ سانحہ ساہیوال میں قوم کی ڈیمانڈ تھی جس کے مطابق سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور قوم نے جو ردعمل دیا ہے اگر اسی طرح وہ متحد رہی تو ملک میں کوئی چور لٹیرا بچ نہیں پائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ممبر بن سکتا ہوں، ممبر بن کر شہباز شریف کا احتساب کروں گا جو دوسروں کا احتساب کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہو گیا اور میں کہتا ہوں عمران خان امریکہ نہیں جائے گا بلکہ امریکہ عمران خان کے پاس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ تک سب چوروں کا جھاڑو پھر جائے گا، حکومت ان لوگ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے۔(ق) لیگ کے بارے میں پوچھے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے، حکومت کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے۔