مقبوضہ کشمیر: برفانی تودے سے 4 نعشیں نعال لی گئیں، بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے جار ی
سرینگر(اے این این+اے پی پی) لداخ میں برفانی تودے سے چار نعشیں نکال لی گئیں، 6 بدستور لاپتہ ،وادی میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ، مظاہروں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فورسز کی ترال میں گھر گھر تلاشی،اہل خانہ پر تشدد۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لداخ کے علاقے کھر ڈنگ میں برفانی تودہ گرنے سے تین گاڑیاں دب گئی تھیں اور 10افراد لاپتہ ہو گئے تھے تاہم اب بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تودے سے چار افراد کی نعشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دو سویلین ٹرک اور ایک کار گزشتہ روز لداخ سے پلو کی طرف جاتے ہوئے کھرڈنگ میں برفانی تودہ گرنے سے دب گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق برفاقی تودے سے ایک ٹرک کے ٹکڑے بھی نکالے گئے ہیں اور دو گاڑیوں کی تلاش جاری ہے۔ برفادی تودے کو ہٹایا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے فوجی جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ دریں اثناء وادی میں بھارتی فوج کے مظالم اور شہری ہلاکتوں پر وادی میں سراپا احتجاج ہیں ۔اس دوران مختلف علاقوں میں مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس دوران مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے بند رہے جبکہ انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل رہی۔ادھر گلشن پورہ ترال نامی گائوں کا فورسز نے محاصرے کر کے گھر گھر تلاشی لی۔ کئی گھنٹوںکی تلاشی کارروائیوں کے بعد فورسز نے علاقے کا محاصرہ ختم کیا۔گھر گھر تلاشی کے دوران بھارتی اہلکاروں نے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے 1990ء میں ہونے والے گائوکدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ قتل عام کو بھارتی جابرانہ قبضے اور ظلم و جبر کی ایک تلخ یاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 21 جنوری کو گائوکدل اور اسکے ملحقہ علاقوں، 25 جنوری کو ہنڈواڑہ جبکہ 27 جنوری کو کپواڑہ میں ہڑتال کی جائے گی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے غیر قانونی اور جابرانہ تسلط کو دوام بخشنے کیلئے رچائے جانے والے یہ قتل عام آزادی کی پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے خلاف بھارتی سفاکیت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور انکے مقدس مشن کی تکمیل تک جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔