بلو چستان صو بے کا اوور ڈرافٹ 94ا رب تک پہنچنے کی تر دید
کوئٹہ(نما ئندہ نوائے وقت)محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان کے ترجمان نے میڈیا پر چلائی گئی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کا اوور ڈرافٹ 94ارب روپے تک پہنچ گیا ہے اور بلوچستان کا مالی بحران مزید شدت اختیار کرگیا ہے ۔ ترجمان نے اپنی ایک وضاحت میں کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے کسی قسم کا اوور ڈرافٹ نہیں لیا اور مالی نظم و ضبط کے تحت صوبے کو درپیش مالی مشکلات پرقابو پانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔محکمہ خزانہ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ حکومت کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے نہ صرف تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے فنڈز دستیاب ہیں بلکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے بھی فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے۔