بانی متحدہ کی اشتعال انگیز تقریر، 45 سے زائد گواہوں کے وارنٹ گرفتاری جا ری
کراچی(وقائع نگار)انسداد اددہشت گردی عدالت کی عدالت نے بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری سے متعلق مقدمات میں گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئے۔جبکہ مقدمات کی مزید سماعت16 فروری تک ملتوی کردی۔ فاروق ستار اور خواجہ اظہاراحسن ، رؤف صدیقی،ریحان ہاشمی، قمرمنصور اور دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔میئرکراچی وسیم اختر، رہنما ایم کیوایم عامرخان اورمحفوظ یارخان عدالت میں پیش نہیں ہوئے وکیل صفائی نے عدالت سے میئر کراچی کی حاضری سے استثناء استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ میئرکراچی بیمارہیں،جبکہ عامر خان کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے موکل عمرہ کرنے سعودی عرب گئے ہیں۔دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسرسے استفسار کیا کہ گواہ کہاں ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بیشترگواہوں کاتبادلہ ہوچکاہے میں رابطہ کررہاہوں،21 مقدمات میں گواہان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دئے کہ ہم تمام گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں،آیندہ سماعت پرگواہوں کے بیانات ریکارڈ کریں گے اب وقت نہیں دیاجائیگا اس موقع پر عدالت نے21مدعیان سمیت 45سے زائد گواہوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ گواہان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیںجبکہ سماعت 16فروری تک ملتوی کردی۔