کیرالہ حکومت سبری مالا مندر میں داخل ہونیوالی خوا تین کو تحفظ فراہم کرے: بھارتی سپریم کورٹ
نئی دہلی(اے پی پی)سپریم کورٹ نے کیرالہ حکومت سے کہا ہے کہ وہ چند روز پہلے قدیم سبری مالا مندر میں داخل ہونے والی دو عورتوں کو 24 گھنٹے تحفظ فراہم کرے،یہ دونوں سپریم کورٹ کی جانب سے 10 سے 50 سال تک کی عمر کی خواتین کے لیے مندر میں داخلے پر صدیوں سے جاری پابندی ختم کرنے کے حکم کے بعد دو جنوری کو مندر میں داخل ہونے والی اولین خاتون عقیدت مند تھیں۔ مندر میں ان کے داخلے کے بعد مظاہرے شروع ہو گئے تھے اور انہیں دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں کچھ دنوں کے لیے روپوش ہونا پڑا تھا اور انہوں نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر عدالت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت میں تین رکنی بینچ نے کالج کی ایک لیکچرر اور سی پی آئی ایم ایل کی کارکن 42 سالہ بندو اور سول سپلائی محکمے کی ایک ملازمہ 44 سالہ کنک درگا کی درخواست پر انھیں تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ بندو کوزی کوڈ ضلع اور درگا ملاپورم کی رہائشی ہیں۔