سافٹ بال ایشیاء کوچنگ کلینک کیلئے پی او اے تعاون کرے گا، جنرل (ر) عارف حسن
کراچی (اے پی پی) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سیّدعارف حسن نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے سافٹ بال ایشیاء پاکستان کوچنگ کلینک میں انٹرنیشنل کوالیفائڈ کوچزکی آمد سے ملک میں سافٹ بال کے کھیل کو مزیدترقی اور فروغ حاصل ہوگا اور اس میگا ایونٹ کیلئے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کو پی او اے کی جانب سے بھرپور معاونت اور تعاون فراہم کیا جائے گا، ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے سیکریٹری جنرل داتولوبینگ چو (DATO LOW BENG CHOO ) کا رواں سال دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے جس سے ملک میں سافٹ بال کے انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کی راہیں ہموار ہوں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی چیئر پرسن تہمینہ آصف، صدر حیدر خان لہڑی اور سیکریٹری جنرل آصف عظیم سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ پی او اے کے سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود اور بیس بال فیڈریشن پاکستان کے صدر سیّد فخرشاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جنرل (ر) عارف حسن کاکہنا تھا کہ ایشیاء کی سطح پرپاکستان میں کوچنگ کلینک کاانعقاد اپنی نوعیت کا پہلا انٹرنیشنل سافٹ بال ایونٹ ہوگا جوہمارے کوچز اور کھلاڑیوں کو اس کھیل کی جدید تیکنیک وکوچنگ سے آگاہی اور فٹنس لیول بہتربنانے میں بہت معاون ثابت ہوگا جنرل (ر) عارف حسن کامزیدکہنا تھا کہ ہمارا مشن کھیلوں کے ذریعے نوجوان نسل کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کواجاگرکرنا ہے جس کیلئے ہماری اوّلین ترجیح ہے کہ ملک میں لڑکوں اور لڑکیوں کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کریںسافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے موجودہ عہدیداران نے مختصر مدت میں جس محنت اور جذبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیاء میں اپنا لوہا منوایا ہے وہ قابل فخر اور لائق تحسین ہے سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کی چیئرپرسن تہمینہ آصف کا کہنا تھا کہ سافٹ بال ایشیاء پاکستان کوچنگ کلینک میں سافٹ بال کی محکمہ جاتی اور صوبائی ٹیموں کے کوچز اورقومی چیمپئین شپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کوشرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ہمارا مقصد اپنے کوچز اورکھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کیلئے تیار کرنا ہے جس کیلئے ہم تمام دستیاب وسائل برئوے کار لائیں گے اس کے علاوہ ہماری کوشش ہو گی کہ رواں سال میں ہمسایہ ممالک ایران، عراق اور نیپال کی ویمنز ٹیموں کے ساتھ دوطرفہ سیریز منعقد کرائی جائیں۔ اس موقع پر تہمینہ آصف نے پی او اے کے صدر جنرل (ر) عارف حسن کو سافٹ بال فیڈریشن کی جانب سے یادگاری سوینئیر پیش کیا۔