آل کراچی حاجی ملک عباس اعوان یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ینگ بلوچ فٹبال کلب اور انجمن اصلاح نواجواناں شیروک لائن کلاکوٹ کے زیراہتمام گبول پارک فٹبال اسٹیڈیم میںآل کراچی حاجی ملک عباس اعوان یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ان میچز میں حیدری بلوچ نے تنظیم اسپورٹس گذری کو پنالٹی ککس پر 5-4سے اور غریب شاہ یونین نے سن آف بلوچ کو1-0 سے شکست دیدی۔گبول پارک فٹبال اسٹیڈیم میںآل کراچی حاجی ملک عباس اعوان یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ڈی ایف اے سائوتھ کی چیمپئن حیدری بلوچ کا ٹاکرا تنظیم اسپورٹس گذری سے ہوا، جس میں میچ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابررہا رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر حیدر ی بلوچ 5-4سے کامیاب رہی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی ٹیم بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں سائوتھ کی چیمپئن حیدری بلوچ کی جانب سے 46ویں منٹ میں سمیر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد تنظیم اسپورٹس نے جوابی حملے کئے ، اور کھیل کے اختتام سے آٹھ منٹ قبل62 ویں منٹ میں محمود خان نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچاکر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ ریفری کی اختتامی وسل پر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دیں گئیں جس میں حیدری بلوچ نے درست نشانہ لگاتے ہوئے تنظیم اسپورٹس کو5-4 سے زیر کرلیا۔دوسرے میچ میں غریب شاہ یونین نے ایک سخت مقابلے کے بعدسن آف بلوچ کو1-0 سے مات دیدی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی اور ہاف ٹائم میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں غریب شاہ یونین کی جانب سے49 ویں منٹ میں نعمان نے گول کرکے اپنی ٹیم کومیچ میں 1-0سے سبقت دلوادی۔ سن آف بلوچ کی ٹیم کھیل کے اختتام تک غریب شاہ یونین کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے ان کی تما م کوششوں کاناکام بناکرریفری کی اختتامی وسل پر1-0 سے سرخرو ہوکر میدان سے باہر آئی ۔ میچ کے ریفری قیوم کوچ، فاروق ، ڈپٹی ریفریز سعید،خالد عزیز ،فیصل احمد ، محمد حنیف،میچ کمشنر ساجد علی ، یاسر لالو ، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے۔