پاکستان کاملائشین پام آئل کی تجارت میں خصوصی مقام ہے،شمس الااسکندر محمد اکین
کراچی(کامرس رپورٹر)ملائشیا کے ڈپٹی منسٹر آف منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز داتک سری شمس الاسکندر محمد اکین نے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور ملائشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت میںمزید اضافے کے خواہاں ہیںاور دونوں ممالک کے درمیان پام آئل،چاول اور ربر و لکڑی کی مصنوعات سمیت دیگر شعبہ جات میںتجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میںپاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر ملائشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمان ،ملائشین پام آئل بورڈ کے چیئرمین تن سری دتو محمد بقی صالح،سیکریٹری جنرل منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز ملائشیا ڈاکٹر تان یو چونگ ،ایم پی او سی کے سی ای او ڈاکٹر کلیانہ سندرام اور چیئرمین ایف جی وی داتک ویرا اظہر عبدالحامد بھی موجود تھے۔اس موقع پر شمس الاسکندر محمد اکین کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میںاضافے کیلئے ملائشین منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز کی کاوشوں اور کردار سے آگاہ کرنا ہے ، پاکستان اور ملائشیا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم سال2017میں1.34ارب ڈالرز تھا ،دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے ہماری پاکستان ملائشیابزنس کونسل،پاکستان ملائشیا فرینڈز شپ ایسوسی ایشن اور دیگر صنعتی نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیںجس میںپام آئل،چاول اور ربر و لکٹری کی مصنوعات سمیت دیگر مصنوعات کی تجارت میںاضافے کیلئے مفید بات چیت ہوئی ہے ،انہوںنے ٹرانس فیٹ کے باعث پنجاب میںوناسپتی پر پابندی سے متعلق معاملے پر کہا کہ وہ یہ وضاحت کرنا ضروری سمجھتے ہیںکہ وناسپتی سمیت غذائی مصنوعات ہائیڈرو جنیٹڈ آئل اور ٹرانس فیٹ کے بغیر بھی تیار کی جاسکتی ہیں،ملائشین پام آئل ایک قدرتی اجزاء ہے جو کہ مختلف مارجرینز ،وناسپتی اور چکنائی کی تیاری میںاستعمال کیا جاسکتا ہے ،ملائشین پام آئل انتہائی صحت مند اور اعلیٰ معیار کا ہے اور گزشتہ 30برسوںکے دوران کی جانے والی تحقیق اس کو ثابت بھی کرتی ہے ۔