سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کشمیر ایشو پر ثالثی سمیت تمام آپشنز استعمال کریں: سردار مسعود
اسلام آباد(صباح نیوز، آئی این پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کی طرف سے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کے ذریعے کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کا کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف متوجہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کو غیر حل شدہ مسئلہ کی سنگینی کا احساس ہے اور بین الاقوامی برادری اس اہم ترین تنازعہ کو پرُامن ذرائع سے حل کرنے کی خواہشمند ہے۔ ہفتہ کے روز سیکرٹری جنرل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کی تاریخ بڑی مایوس کن ہے۔ بھارت نے دوطرفہ مذاکرات کو ہمیشہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ فوجی قبضہ کو مستحکم کرنے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے استعمال کیا اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام نے بھارت کے منفی رویے کے باوجود ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی حمایت کی۔ صدر آزادکشمیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی سمیت تمام آپشنز کو اختیار کرتے ہوئے علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔