رحمان ملک نے کراچی میں نوجوان کی ہلاکت اور اسلام آباد سٹریٹ کرائمز کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ )چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کراچی کے فائیو سٹار ہوٹل کے گیٹ پر 28سالہ سراج الدین کے ہلاکت کا نوٹس۔ آئی جی سندھ پولیس اور ایف آئی اے نوجوان کی ہلاکت کی تفتیش کرکے کمیٹی کو رپورٹ جمع کرائیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کے مین گیٹ پر سنسر کا خراب ہونا اور نوجوان کا ہلاک ہونا تشویشناک و افسوسناک ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے کہ کیسے ٹیکنکلی خراب دروازے کو لگایا گیا تھا۔ معلوم کیا جائے کیا دروازے میں مینوپیکچرنگ و ٹیکنکل خرابی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 27سالہ سراج الدین کا تعلق پشین بلوچستان کے ایک نہایت غریب گھرانے سے تھا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ سراج الدین کے ہلاکت پر دلی افسوس ہوا ہے، غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت اور افسوس کرتا ہوں۔ اخباری رپورٹس اور کمیٹی کو ملنے والے شکایت کے مطابق اسلام آباد میں آئے روز سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہورہا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ملک کے دارالحکومت میں سٹریٹ کرائمز و دیگر جرائم کا ہونا باعث تشویش ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو جرائم سے پاک بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس و انتظامیہ خصوصی اقدامات اٹھائے۔