ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق‘ بچی سمیت 14 زخمی ہسپتال منتقل
مظفر گڑھ ‘ گگومنڈی‘ محسن وال‘ جلہ ارائیں‘ چوک میتلا‘ ٹبہ سلطان پور(نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ بچی سمیت 14 زخمی ہو گئے ۔ مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق رنگپور میں اڈا سامٹی کے قریب تیزرفتار کار ٹرک سے ٹکراگئی، حادثے میں کار پرسوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ریسکیو کے مطابق حادثے میں کار پرسوار دیگر3 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو پہلے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیاگیا، بعدازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیاگیا۔ پولیس کیمطابق جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو مظفرگڑھ کے رہائشی تھے اورمظفرگڑھ سے شورکوٹ جارہے تھے۔واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز صبح سات بجے کے قریب نواحی گائوں 223۔ای۔ بی کا رکشہ ڈرائیور محمد شفیق اپنے رکشے میں سکول کے بچوں کو لے کر اڈا کواٹر کی طرف آ رہا تھا کہ جب وہ پُل نہر پر پہنچا تو اس کی چادر رکشے کے چین میں پھنس گئی اسی اثنا میں محمد انیس انجم ولد محمد انجم سکنہ چک نمبر 223۔ای۔ بی رکشے سے باہر گر گیا اور رکشہ اس کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجہ میںانیس انجم موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضہ میں لے کر سول ہسپتال منتقل کر دی جبکہ 34کے بی کا رہائشی اللہ رکھا سہ پہر چار بجے کے قریب موٹر سائیکل پر عارف والہ جا رہا تھا کہ جب وہ چک نمبر 165۔ای بی کے قریب پہنچا تو سامنے کھڑے لکڑی کے لدے ٹریلر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں اللہ رکھا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔ قریبی پٹرولنگ پوسٹ کے اہلکاران نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضہ میں لے لیا ۔نیشنل ہائی وے پر اقبال نگر اڈا کے قریب ایک تیزرفتار ٹرک FDJ5825بے قابو ہوکر مسافر وین سے جا ٹکرایا مسافر وین کھڑی بس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وین میں سوار سات افراد جن میں وین ڈرائیور محمد آصف ،محمد ارشد ،عمران ،محمد قیصر ،عرفان دو خواتین آسیہ بی بی اور پروین زخمی ہوگئیں زخمیوں کو ریسکیو1122نے فوری طور پر تحصیل ہسپتال میاں چنوں منتقل کردیا جہاں پر دو زخمیوں آسیہ بی بی اور آصف کو شدید زخمی حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا ۔جلہ ارائیں سے نامہ نگار کے مطابق ملتان بہاولپور روڈ پرکار نے موٹر سائیکل کو ٹکرماردی کارکی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار فیملی روڈ پر گر گئے اورپیچھے سے آنیوالے ٹرک نے موٹرسائیکل سوار وںکوکچل دیا۔جس کے نتیجہ میںپانچ سالہ بچی سمیت تین افرادشدید زخمی ہوگئے ہیںزخمیوں کوطبی امداد کے بعد نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیاہے پانچ سالہ بچی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔کار ڈرائیور کار کو لیکر موقع سے فرار ہوگیا ہے اورٹرک ڈرائیور ٹرک کو روڈ پر چھوڑ کرموقع سے فرار ہوگیا ہے پولیس تھانہ جلہ آرائیں نے ٹرک کو قبضہ میں لیکر ٹرک ڈرائیور کے خلاف کاروائی شروع کردی ۔ چوک میتلا سے نامہ نگار کے مطابق فتح پور میلسی کے رہائشی محمد طارق سیال بستی جراحی یونین کونسل کھرالہ میں اپنے کسی رشتے داروںسے ملنے آیاہوا تھااوراپنے دوست محمد اسلم کے ہمراہ اپنی موٹر سائیکل نمبری ایم این کیو5509پر سوار ہو کرٹبہ سلطان پور کی طرف آرہاتھا کہ میلسی روڈ پل درپور میں ٹی ایم اے میلسی کے گٹروںکی صفائی کرنے والے تیز رفتار سیوریج ٹینکر نے کچل دیاجس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار فتح پورکے رہائشی محمد طارق سیال موقع پر ہی جاںبحق ہو گیا جبکہ حادثے میں محمد اسلم زخمی ہو گیا پولیس تھا نہ ٹبہ سلطان پور نے موقع پر پہنچ کرلاش کوتحویل میںلیکر ہسپتال ٹبہ سلطان پور منتقل کیا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی واضع رہے کہ حادثے کا باعث بننے والے واٹر ٹینکر کو تحویل میںلینے کی بجائے چھوڑ دیا۔