صوبیدار محمد حیات خان کی وفات پر محمد صغیر خان چغتائی و دیگر کا اظہار تعزیت
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر‘ مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر اور سابق ممبر کشمیر کونسل سردار محمد صغیر خان چغتائی نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کے نتیجہ میں مسلم کانفرنس نہ صرف متحد و منظم ہے بلکہ اس کی قیادت بھی مضبوط ہاتھوں میں ہے‘ قومیں نظریات سے بنتی ہیں‘ عہدوں کی لالچ میں سیاسی کارکنوں کی بے توقیری اور دربدری عبرت کا مقام ہے‘ صوبیدار حیات خان اوران کے خاندان نے مسلم کانفرنس کی آبیاری میں اپنا خون دیا‘ یہی وجہ ہے کہ مرحوم کی وفات پر ساری مسلم کانفرنسی قیادت دکھ رنج و غم و الم میں مبتلا ہے‘ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ سردار صغیر چغتائی نے یہ بات یہاں اڈیالہ روڈ پر مسلم کانفرنس تھوراڑ کے وفد کے ہمراہ محکمہ تعلقات عامہ آزاد کشمیر کے (ریٹائرڈ) ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ محمد لطیف حسرت کے بڑے بھائی اور نیسکام کے ڈائریکٹر میجر خالد کے والد صوبیدار محمد حیات خان کی وفات پر تعزیت اور دعا کے بعد اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما سردار نشاط اکبر خان‘ سردار منظور حسین خان‘ سردار محمد سرور خان ٹھیکیدار اور انجینئر سردار ذاکر حسین نے بھی راجہ لطیف حسرت سے ان کے بھائی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثناء آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم‘ آزاد کشمیر حکومت کے سابق سیکرٹری محمد الیاس عباسی‘ آزاد کشمیر کے معروف دانشور محمد شائق‘ سید بشیر حسین جعفری کے فرزند سید شباہت حسین جعفری‘ قومی احتساب بیورو اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق جمیل درانی اور یونین کونسل تراڑ کھل کے سابق چیئرمین سردار محمد شبیر خان نے بھی صوبیدار محمد حیات خان کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔