مقدمات کا چالان پیش نہ کرنے پر پولیس کی سرزنش، 10 یوم میں پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصو صی عدالت نمبر2 کے جج سلیمان بیگ نے 4 مقدمات میں شہادت طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخوں تک ملتوی کردی ۔جبکہ 4 مقدمات کا چالان پیش نہ کرنے پر پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے 10 یوم میں چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جمعہ کو عدالت نے بارودی مواد کیس میں ملزم وقاص کے خلاف 24جنوری ،تھانہ سٹی چکول کے اغوا برائے تاوان کیس میں ملزم عمیر کے خلاف 31جنوری ،تھانہ کلر سیداں کے مذہبی منافرت کیس میں ملزم مصطفی کے خلاف 31جنوری،جبکہ تھانہ گنجمنڈی کے پولیس مقابلہ کیس میں ملزمان سعید بٹ وغیرہ کے خلاف 24جنوری تک شہادت طلب کرتے ہوئے گواہوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں ۔ 4 مقدمات کا چالان پیش نہ کرنے پر پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے 10 یوم میں چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے ملزم آصف کے خلاف سی ٹی ڈی کے ٹارگٹ کلنگ کیس ،ملزم سلطان محمود کے خلاف تھانہ صدر بیرونی کے اغوا برائے تاوان کیس، ملزم سجاد احمد کے خلاف ٹیکسلا کچہری کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے اور ملزم ارشد کے خلاف قتل کیس میں دس یوم التوا کی درخواستیں بھی منظور کر لیں اور 29جنوری تک ہر صورت مقدمات کے چالان پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔عدالت نے فیس بک پر مذہبی توہین آمیز مواد اپ لورڈ کرنے کے مقدمہ کا10 دن میں چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 29جنوری تک التو اکی درخواست منظور کر لی ملزم ابراہیم قادری کے خلاف سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پر مبنی مواد اپ لورڈ کرنے کے الزام پر ایف آئی اے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکیا تھا۔