ڈریپ نے ملک بھر میں مضر ادویات کیخلاف جاری مہم میں ایک لاکھ 71 ہزار 375 ادویات کے سیمپل لئے
اسلام آباد (اے پی پی) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ملک بھر میں مضر ادویات کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت 2 سال 9 ماہ کے عرصہ کے دوران ایک لاکھ 71 ہزار 375 ادویات کے سیمپل لئے۔ ڈریپ حکام کے مطابق اتھارٹی نے مارچ 2017ء سے مئی 2017ء اور اگست سے نومبر 2017ء کے تین ماہ کے دوران 2 خصوصی مہمات منعقد کیں اور مضر ادویات رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمات درج کئے اور مضر ادویات کا سٹاک ضبط کر لیا۔ انسپکٹرز نے 53371 سیمپل 2017ء کے 9 ماہ کے دوران اکٹھے کئے جبکہ 43933 سیمپلز کا معائنہ 2015ء کے دوران اور 74,071 سیمپلز کا ٹیسٹ 2016ء کے دوران کیا گیا۔ مجموعی طور پر 2015ء میں 538 سیمپل، 2016ء میں 813 سیمپل اور 2017ء کے 9 ماہ کے دوران 446 سیمپل غیر معیاری پائے گئے۔ حکام نے 2015ء میں 252 ادویات، 2016ء میں 97 ادویات اور 2013ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران 63 ادویات کو مضر قرار دیا۔ حکام نے ڈرگ کورٹس میں 2015ء کے دوران 3903 مقدمات، 2016ء کے دوران 3446 مقدمات اور 2017ء کے 9 ماہ کے دوران 1452 مقدمات دائر کئے جن میں سے 2015ء کے دوران عدالتوں نے 1656 مقدمات کا فیصلہ کیا اور 7 کروڑ کے جرمانے کئے۔ 2016ء کے دوران عدالتوں نے 2446 مقدمات کا فیصلہ کیا اور 10 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کئے جبکہ 2017ء کے 9 ماہ کے دوران عدالتوں نے 884 مقدمات نمٹائے اور تین کروڑ 20 لاکھ روپے کے جرمانے کئے۔ اس دوران ادویہ سازوں کے 21 لائسنس معطل کئے گئے۔