آرمی چیف جنرل نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
راولپنڈی(نوائے وقت نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی.پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جب کہ 3 دہشت گردوں کو مختلف مدت کی قید کی سزا سنائی گئی، تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سزا پانے والے دہشت گرد سیکیورٹی اہلکاروں کے گلے کاٹنے، قانون نافذ کرنے والوں پرحملوں، شہریوں کی ہلاکتوں، تعلیمی اداروں پرحملوں میں ملوث ہیں، یہ 10 دہشت گرد 41 افراد کے قتل اور 33 کو زخمی کرنے میں بھی ملوث رہے۔سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں سمیع الرحمان ولد گل حبیب اور عظیم خان ولد شبیر شامل ہیں جو کالعدم تنظیم کے رکن تھے اور وہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں میجر محمد احسان ،9فوجی اور2پولیس افسران شہید او ر13زخمی ہوئے۔ ارشد بلال ولد خادم خان اور انور علی ولد فضل غفارکالعدم تنظیم کے رکن تھے اوروہ مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 9فوجی شہید اور9زخمی ہوئے۔ دونوں دہشت گرد سوات میں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول تباہ کرنے میں بھی ملوث تھے۔محمد علیم ولد عبدالرشید اور فضل علیم ولد عبدالرشیدبھی کالعدم تنظیم کے رکن تھے اور وہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 4فوجی شہید ہوئے۔ رسول محمد ولد احمدجان کا تعلق بھی ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں 4فوجی شہید ہوئے اور ملزم نے دیگر دہشت گردوں کےساتھ مل کر شہری سید رحیم ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر ارشاد علی ، ہیڈ کانسٹیبل سرور علی خان اور ہیڈکانسٹیبل شیر احمد کے گلے کاٹے ۔ سہیل احمد ولد عثمان علی کا تعلق بھی ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ معصوم شہریوں کے قتل عام ، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں 3شہری سب انسپکٹر مصطفی خان اور ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوا جبکہ 4دیگر زخمی ہوئے۔ نعمت اللہ ولد احمد کا تعلق بھی ایک کالعدم تنظیم سے تھا جو پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں 2فوجی شہید اور 4 دیگر زخمی ہوئے۔ رحمت علی ولد نورجو پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں 1فوجی شہید ہوا۔ان تمام مجرموں نے ملٹری کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا ۔
سزائے موت