پاکستان میں حقائق نیٹ ورک کے ٹھکانے نہیں ، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے راستے کھلے رکھنا چاہتے ہیں: اعزاز چورہدری
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو واپس بھیجنا چاہتا ہے تاکہ افغانستان جا کر مرکزی سیاسی دھارے میں شامل ہوں، پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے موجود نہیں ہیں اور اگر امریکہ کو شک ہے اور ان کے پاس کوئی معلومات ہیں تو وہ ہمیں بتائیں کیونکہ ہم بھی انھیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان رابطے ہیں جس میں ورکنگ لیول پر انٹیلی جنس شیئرنگ بھی شامل ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں اعزاز چوہدری نے پاکستان پر افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے الزامات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے موجود نہیں ہیں اور اگر امریکہ کو شک ہے اور ان کے پاس کوئی معلومات ہیں تو وہ ہمیں بتائیں کیونکہ ہم بھی انھیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ہماری پوزیشن تو یہ ہے کہ ہم ان کو اپنے ملک سے بھیجنا چاہتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ طالبان اور حقانی ہمارے پاس رہیں۔ ہم تو ان پر دبا ئوڈال رہے ہیں کہ جائیں افغانستان میں جا کر رہیں اور اب وہ آپ کا ملک ہے اور وہاں کی مرکزی سیاسی دھارے میں جا کر شامل ہوں اور یہاں پر آپ کا رہنا قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہم بالکل نہیں چاہتے کہ حقانی نیٹ ورک اور طالبان ہمارے ملک میں رہیں اور ہم ان پر دبا ئوڈال رہے ہیں۔ ہماری اطلاعات کے مطابق ان کے پاس وہاں 43 فیصد علاقہ موجود ہے تو ان کو پاکستان میں رہنے کی کیوں ضرورت ہے۔ البتہ مہاجرین میں ان کی رشتہ داریاں ہیں اور اسی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ یہ بھی واپس افغانستان جائیں۔اعزاز چوہدری نے افغان مہاجرین کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اب (مہاجرین) سکیورٹی کے لئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں جس میں نوجوانوں کو وہاں سے بھرتی کیا جاتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی واپس جائیں اور اس کے ساتھ سرحد کو محفوظ بنایا جائے تاکہ بُرے لوگ نہ ِادھر سے ادھر جائیں اور نہ ہی ادھر سے ادھر آئیں۔اعزاز چوہدری نے کہاکہ افغانستان کی سرحد پر مکمل نگرانی نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ آتے ہیں۔ ہماری کوشش اور خواہش یہی ہے کہ دونوں ملک مل کر کام کریں، اسی میں دونوں کا فائدہ ہے کیونکہ امریکہ کا ہدف افغانستان میں استحکام لانا ہے اور ہمارا بھی یہی ہدف ہے۔امریکہ کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے اور فوجی تعاون ختم ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے ہیں جس میں ورکنگ لیول پر انٹیلی جنس شیئرنگ بھی شامل ہے۔ہمیں بات چیت کے راستے کھلے رکھنے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ انٹیلی جنس کا تعاون بھی رہے جو ابھی ورکنگ لیول پر ہے اور آفیشلز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔