افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں‘ 5 القاعدہ جنگجوئوں سمیت 34 دہشت گرد ہلاک‘ 33 زخمی
کابل(صباح نیوز)افغانستان میں طالبان، القاعدہ اور دیگر جنگجوئوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ افغان وزارت دفاع نے پانچ القاعدہ جنگجوئوں سمیت 30سے زائد دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعوی کیاہے۔افغان میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں کے اندر مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔ کارروائیوں میں 34 جنگجوئوں کو ہلاک اور33 کو زخمی کردیا۔افغان صوبے ننگرہار کے ضلع شیرزادو میں افغان فورسز اور غیر ملکی اتحادی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے پانچ دہشتگرد ہلاک کردیئے۔ سیکورٹی فورسز کے مطابق جنگجوئوں کے پاس سے،مشین گن اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔