بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کا میانمار واپسی کیخلاف مظاہرہ‘ سکیورٹی اور شہریت دینے کا مطالبہ
ڈھاکہ (اے پی پی + اے ایف پی + آئی این پی) بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ روہنگیا مہاجرین کا آمد کا سلسلہ جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت کا کہنا ہے کہ میانمار سے روہنگیا مہاجرین اب بھی بنگلہ دیش میں داخل ہو رہے ہیں۔ ایک مقامی حکومتی اہلکار کے مطابق گزشتہ دو ایام کے دوران 100 سے زائد روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیشی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس اگست سے اب تک بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مہاجرین کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ادھر روہنگیا پناہ گزینوں نے وطن واپسی کے منصوبے اور معاہدے کیخلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے واپسی سے قبل سکیورٹی اور شہریت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ میانمار کی مسائل کا شکار رخائن ریاست میں پولیس کی بدھ مت کے پیروکاروں پر فائرنگ سے 7 افراد کی ہلاکت کے بعدروہنگیا مسلم پناہ گزینوں کی پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے وطن واپسی کا منصوبہ متاثر ہوسکتا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ میاؤْ علاقے میں قدیم اراکان سلطنت کا تہوار منانے کیلئے جمع ہونے پر پابندی لگانے سے بدھ مت کے پیروکار مقامی افراد مشتعل ہو گئے۔ پابندی کے خلاف احتجاج کے لئے 10 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا تھا، ان کا پولیس کے ساتھ تصادم ہوا۔