خورد برد کیس میں فارغ کیا گیا افسر سینئر سیاستدان کی سفارش پر بحال
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پبلک اکاونٹس کمیٹی کی طرف سے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز میں بدعنوانی اور خورد برد کے الزام میں عہدہ سے ہٹائے گئے افسر عباس خان کو جو مذکورہ محکمے میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مبینہ طور پر ایک سینئر سیاستدان کی سفارش پر دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ ”نوائے وقت“ کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق عباس خان جو بیسک ایجوکیشن پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ پر کام کر رہا تھا کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تحقیقات کرائی جس کے نتیجے میں مذکورہ افسر کو انیس گریڈ سے تنزلی کر کے 17 ویں گریڈ میں کر دیا گیا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تحقیقات کے مطابق مذکورہ افسر نے خود اور بارہ افسروں کو غیرقانونی طور پر پروموشن دے دی تھی۔ پی اے سی نے اس صورتحال کا نوٹس لیا تھا جس پر عباس خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ لیکن مبینہ طور پر ایک سینئر سیاستدان کی سفارش پر اس کو او ایس ڈی بنانے کا نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واپس لے لیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق پبلک اکا¶نٹس کمیٹی اپنے اجلاس میں اس معاملے کا نوٹس لے گی۔