ملتان سے شجاع آباد، جلالپور پیر والہ تک سرکاری ملازمین کو اپنے اداروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا
سکندر آباد (نامہ نگار) ملتان سے شجاع آباد، جلالپور پیر والہ تک کوئی بھی بڑی پبلک ٹرانسپورٹ نہ چلنے کے باعث سینکڑوں سرکاری ملازمین کو اپنے اداروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تحصیل شجاع آباد اور جلالپور کے تعلیمی اداروں میں ملتان کے سینکڑوں میل، فی میل اساتذہ تعینات ہیں جن کو ہر روز صبح 8 بجے سکولز، کالجز میں پہنچنا ہوتا ہے۔ کے بی بس سروس کی بندش کے باعث اساتذہ ذلیل و خوار ہو کر اپنے اداروں میں پہنچتے ہیں۔ اکثر فی میل اساتذہ کے اہل خانہ ان کو شجاع آباد، جلالپور تک اپنی سواری پر چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ شجاع آباد سے ناگ شاہ ایکسپریس وے نے زیر تعمیر ہونے کے باعث سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چک آر ایس رانا ولایت علی، ہائی سکول بنگالہ کے ہیڈ ماسٹر ملک اقبال، ہائی سکول شجاع آباد کے ہیڈ ماسٹر ملک شبیر احمد، گورنمنٹ ہائی سکول حیات خان والد کے ہیڈ ماسٹر ذوالفقار علی ہائی سکول علی عادل جلالپور پیر والہ کے ہیڈ ماسٹر رانا محمد اسلم انجم، گورنمنٹ ہائی سکول لاڑ جنوبی کے ہیڈ ماسٹر رانا محمد جاوید نے نوائے وقت سروے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سپیڈو بس سروس شروع کی گئی ہے جو کہ نہایت احسن اقدام ہے لیکن ان کے روٹس بناتے وقت شہریوں کی سفری سہولیات کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ اکثر گاڑیاں ملتان شہر میں خالی فراٹے بھر رہی ہیں اور ماہانہ لاکھوں روپے کا تیل ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور کی آبادی 15 لاکھ سے زائد ہے لیکن ملتان سے ان دونوں تحصیلوں میں چند ہائی ایس ویگنیں چلتی ہیں جو لاکھوں کی آبادی کی سفری ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگ شاہ سے پل بلیل تک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اکثر اساتذہ کے کمر کے مہرے ہل چکے ہیں اور وہ بڑی مشکل کے ساتھ سکول پہنچتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر ضلعی انتظامیہ سرکاری ملازمین کیلئے صبح اور چھٹی کے وقت سپیشل سپیڈو بس سروس چلا دے تو اس سے اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین کی مشکلات حل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین باقاعدہ بس کے ٹوکن یا کارڈ لیں گے اس سے نہ صرف حکومتی خزانے کو فائدہ ہوگا بلکہ عوام کو بھی سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر، کمشنر ملتان ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ ملتان سے شجاع آباد، جلالپور پیر والہ تک فوراً سپیڈو بس سروس چلائی جائے تاکہ سرکاری ملازمین مقررہ اوقات میں اپنے دفاتر تک پہنچ سکیں۔