لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب سمیت پورے پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں۔ نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں بہت پریشان ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر وزیراعلیٰ کے پی اور ان کے ترجمان مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اس کے لوگ مسلسل مغلظات بک رہے ہیں۔ پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا اور اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے۔
مریم نواز پنجاب سمیت یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئیں: عظمیٰ بخاری
Feb 20, 2025