سینئروزیر انڈسٹری،لیبر اینڈ کامرس گلگت بلتستان کا گوجرانوالہ چیمبر کا دورہ

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)سینئروزیر برائے انڈسٹری،لیبر اینڈ کامرس گلگت بلتستان عبیداللہ بیگ نے صدر ہنزہ چیمبر آف کامرس محبوب ربانی کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کا دورہ کیا ۔اس موقع پر سینئر وزیر جی بی نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبرآنے کا مقصد یہی ہے کہ گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کیلئے گلگت بلتستان میں بے شمار سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اس سرمایہ کاری سے وہاں کے لوگوں کو نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ یہاں کی اعلیٰ کوالٹی کی مصنوعات بھی متعارف ہو جائیں گی۔صدر ہنز ہ چیمبر آف کامرس محبوب ربانی نے بتایا کہ مئی 2021ء میں ہنزہ میں صنعتی نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہاں تیار کی جانے والی مصنوعات اس صنعتی نمائش کا حصہ بنے ۔ نائب صدر شیخ قیصر امین جموں والے نے معززمہمان کا پرتباک استقبال کیا۔اور کہا کہ ہنزہ میں منعقد ہونیوالی صنعتی نمائش میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیا جائے تاکہ تاکہ دونوں علاقوں کی بزنس کمیونٹی کو تجارتی حوالے سے قریب آنے کا موقع ملے ۔