اسلام آباد:معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے، وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیئے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہےہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران خان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط دوخاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام باشعور ہیں، جبکہ نون لیگیوں سے کہتی ہوں کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام شیر آٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے،سارے پاکستان کو معلو م ہے کہ اس وقت آٹا،چینی ،گھی اور مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے، وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہےہیں۔