وزیراعظم عمران خان نے پٹرول ، ڈیزل اور گیس میں ممکنہ حد تک کمی لانے کی غرض سے جامع روڈ میپ جلد از جلد مرتب کرنے اور اس ضمن میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یہ ہدایات پٹرول اورگیس کی قیمتوں میں کمی کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔
پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں کرپشن،مہنگائی ،بیروزگاری کا خاتمہ اور کڑا و بے لاگ احتساب سرِ فہرست تھا۔عوام نے اسی بنیاد پر اس پر اعتماد کیا۔عام آدمی کو ہمیشہ روٹی روزگار کی فکر رہی ہے،حکومت کو اس کے بقول نحیف ونزار معیشت ملی جس کے باعث سخت فیصلے کرنا پڑے جس سے مہنگائی کا جھکڑ چلا اور طوفان آگیا جو عام آدمی کی برداشت سے باہر ہو تھا۔اس کا حکومت کو ادراک ہوا تو عوام کو ریلیف دینے کی طرف توجہ دی۔حکومت مہنگائی کی بنیاد ختم کردے تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔مختلف مدات میں سبسڈی کی اپنی اہمیت ہے مگر اس سے مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں۔مہنگائی کی بنیادی وجہ بجلی،گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔وزیر اعظم نے اس کا درست ادراک کیا ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانے کے حوالے سے یہ دوسرا متواتراجلاس تھا۔گذشتہ روز بھی اسی سلسلے میں وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ کم آمدنی والا اور تنخواہ دار طبقہ مشکلات کا شکار ہے ، حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کے ضمن میں جہاں تک ممکن ہو سکے ان طبقات کو ریلیف فراہم کیا جائے۔عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم پُر عزم ہیں،لہٰذا ضروری ہے کی بجلی گیس اور پٹرولیم کے نرخوں میں اضافے سے نہ صرف گریز کیا جائے بلکہ ان میں ممکنہ حد تک کمی لائی جائے جسے سبسڈی کے ذریعے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024