اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈا منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں ترکی کے ساتھ معاہدوں پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی اور احساس پروگرام میں پارلیمنٹرینز کی شمولیت کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ گیس اور بجلی کے بلوں کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیربحث آئے گا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ دالوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی سے متعلق شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کے علاوہ بھارت سے ایک دفعہ کے لیے کیڑے مار ادویات کی درآمد کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کے قیام کی منظوری دی جائے گی اور وزارت بین الصوبائی رابطہ میں مشترکہ مفادات کونسل کے سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری کے علاوہ پاکستان نرسنگ کونسل کے اراکین کی تعیناتی اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔
سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر کی تعیناتی اور مالی سال 20-2019 کے بجٹ کی 6 ماہ کی ریویو رپورٹ کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان نیشنل ایجوکیشن پلان 2020 کے علاوہ زائرین مینجمنٹ پالیسی ریگولیٹری فریم ورک بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔