وزیر ریلوے شیخ رشید نے واضح کردیا کہ کے سی آر ایک نئی ٹرین ہوگی، کراچی سرکلر ریلوے ماضی کا قصہ بن چکی ۔ عدالت نے جو وقت دیا ہے اُس میں منصوبہ مکمل کرنے کی کوشش کریں گے لیکن عدالت سے یہ استدعا بھی کی جائے گی کہ سی پیک کے تحت 2 ارب ڈالر کا یہ منصوبہ چین کے بغیر ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ جس میں وفاق اور چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے درمیان معاہدے کو ایک ماہ کے اندر حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا، جس سے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی میں ممکن ہوسکے گی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹریک سے 50 فٹ تک سب خالی کرایا جائے گا۔ بے گھر ہونیوالوں کو متبادل دینے کا فیصلہ اگلے ماہ کیا جائے گا۔ یہ بھی واضح کردیا کہ حیات ریجنسی اور ریلوے کی دیگر زمینوں پر قبضے کیخلاف کیس تیار کیا جارہا ہے۔ یہاں سے ملنے والا پیسہ ٹریک ٹھیک کرنے پر لگائیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ “کے سی آر” ایک نئی ٹرین ہوگی، کراچی سرکلر ریلوے ماضی کا قصہ بن چکی۔ عدالت کو بتائیں گے 2 ارب ڈالر کا منصوبہ چین کے بغیر ممکن نہیں، پھر جو عدالت مدت طے کرے گی اُس میں منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔انہوں کا کہنا ہے کہ کے سی آر کی تجدید میں 24 کراسنگز ہیں، جن کی تکمیل میں کچھ وقت لگے گا۔