منہاج یونیورسٹی کے طلبہ کو 26لاکھ روپے کی سکالرشپس دی گئیں:حسین محی الدین
لاہور( خصوصی نامہ نگار)بانی و سرپرست منہاج یونیورسٹی لاہورڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 19 طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے سے سکالر شپ ایوارڈ دئیے گئے اور یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور کلیریکل سٹاف میں سے 3 خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے ٹکٹ دئیے گئے۔فائونڈز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ رواں سال ذہین بچوں کو 26لاکھ روپے کے سکالر شپ دئیے گئے اور سینکڑوں بچوں کو فیسوں میں جزوی رعایت دی گئی اور یہ رقم بھی کروڑوں میں ہے، منہاج القرآن کا تعلیمی ویژن ذہین مگر غریب بچوں کیلئے زیادہ سے زیادہ اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پختہ یقین اورمصمم ارادہ انسان کو منزل تک پہنچاتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں زندگی میں کامیابی یا ناکامی کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے۔