کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی منفی رجحان موجود ہے۔ کاروبار کے ابتدائی دو گھنٹے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 264 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور کاروبار کے ابتدا میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 145 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 39 ہزار 811 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 264 پوائنٹس کی کمی کے بعد 39 ہزار 693 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
ابتدائی دو گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 29,047,740 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 1,335,681,225 بنتی ہے۔
چیئرمین پاکستان اسٹاک مارکیٹ سلیمان مہدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سوچا ہے اب ہم اسٹاک میں بزنس لیڈر کو مدعو کریں گے کیونکہ ایسے افراد کو مدعو کرنے سے مارکیٹ میں بہتری آتی ہے۔
معروف بزنس لیڈر حسین داؤد نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے لیے ہمیں ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے جب کہ عوام کی فلاح کے لیے کام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں حکومت کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت بنی تو اسے مختلف چیلنجز کا سامنا تھا۔ ہماری کوشش ہے کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 262 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی۔ مارکیٹ ابتدائی ایک گھنٹے تک مثبت زون میں ٹریڈ کرتی نظر آئی تاہم یہ سلسلہ زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا اور پھر کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ مسلسل منفی زون میں ہی ٹریڈ کرتی رہی۔
رواں کاروباری ہفتے میں اسٹاک مارکیٹ مسلسل منفی زون میں ٹریڈ کرتی نظر آ رہی ہے۔ مارکیٹ میں ایک بار پھر منفی رجحان کے باعث سرمایہ کار محتاط ہو گئے ہیں۔