چائنہ ریڈ کراس نے ہر کڑے وقت میں ہلال احمر پاکستان کیساتھ تعاون کیا، خالد بن مجید
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) چائینہ ریڈکراس نے ہر کڑے وقت میں ہلال ِاحمر پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ 2005ء کے بدترین زلزلہ سے لے کر 2010ء کے بدترین سیلاب تک اور 2011، 2013 اور 2014 کے سیلابی نقصانات میں معاونت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔گوادر میں جدید ترین ایمرجنسی کیئر سنٹر اور کوئٹہ میں طبّی سہولیات کی فراہمی میں بھی چائنہ ریڈکراس کی گرانقدر خدمات ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل ہلال ِ احمر پاکستان خالد بن مجید نے چین سے آئے 5 رُکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرون ِممالک سے دوستانہ تعلقات کیلئے ٹائم تہنجان پیپلز ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت چن ویمنگ کررہے تھے۔ کمیٹی روم میں منعقدہ میٹنگ میں ہلالِ احمر پاکستان کے جاری اقدامات، منصوبوں اور خدمت ِ انسانیت پر مبنی پروگراموں بارے بریفنگ دی گئی۔ اِس موقع جوائنٹ ڈائریکٹر آپریشن عبیداللہ خان بھی موجود تھے۔ چینی وفد کے ساتھ گلگت میں 50 بستروں کے ہسپتال کے قیام، اسلام آباد میں ووکیشنل ٹریننگ، ریسورس سنٹر کے قیام، بلڈ ڈونیشن بس کی خریداری، ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کیلئے آلات کے علاوہ نیشنل ہیڈکوارٹرز میں بحالی سنٹر اور بزنس ٹاور کی تعمیر میں تکنیکی و مالی معاونت سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اِس موقع پر وفد کے سربراہ چن ویمنگ نے کہا ہمارے دورے کا مقصد باہمی روابط کو مستحکم بنا کر تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کی کامیابی کیلئے تعاون کو وسعت دی جارہی ہے۔ وفد کے اراکین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔