قیدیوں کی رہائی سے پاک سعودی عرب تعلقات مزید مضبوط ہونگے، آمنہ مسعود جنجوعہ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد کا سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107پاکستانی شہریوں کو رہاکرنے کا حکم قابل تعریف ہے جس سے سعودی ولی عہد اور عمران خان نے یقینا پاکستان کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں اور یقینا ایسے اقدامات سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مضبوط تر ہو گی ۔ عمران خان کی اس درخواست کے سبب پاکستان کی جیلوں میں بے گناہ قیدیوں کے ساتھ ساتھ جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کی انصاف کی آس بڑھ گئی ہے۔ ہزاروں لاپتہ افراد کے لواحقین یہ امید کرنے لگے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کسی دن اسی طرح کی خوشخبری جبری لاپتہ افراد کے حوالے سے بھی سنائیں گے۔آمنہ مسعود جنجوعہ کامزید کہنا تھا کہ اگرعمران خان اپنے ملک سے اگر زیادہ نہیں تو اتنی ہی تعداد میں جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کو ممکن بنا لیں تو ملک پاکستان بہت سے درپیش مسائل سے بآسانی نکل سکتا ہے۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس، پاکستان میں جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کی طرف سے وزیراعظم عمران خان سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ ایک ایسا ہی حکم پاکستان کے خفیہ عقوبت خانوں میں موجود بے گناہ قیدیوں کے لئے بھی صادر فرمائیں۔