بھارتی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے،مودی حماقت کرسکتاہے:لیاقت بلوچ
ٍلاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں دیر لوئر کے وکلا وفد اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد کا دورہ بہت اہم تھا ۔ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان اچھاہے ، اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ پاکستانی منتظر ہیں کہ حج عمرہ پر اضافہ فیس اور دو ہزار ریال کا بھی خاتمہ کیا جائے گا ۔ عمران خان حکومت نے سعودی ولی عہد سے 49 فیصد عوام کی نمائندہ اپوزیشن قیادت کو دور رکھ کر پاکستان کی اہمیت کو کمزور کردیاہے یہ انتہائی غیر جمہوری رویہ ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارتی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔ بھارتی انتخابی سیاست بڑی کشیدگی کا شکار ہے ۔ نریندر مودی ڈوبتے انتخابی بیڑا کو سہارا دینے کے لیے کوئی بھی حماقت کر سکتاہے ۔ پوری قوم ہندوستانی حماقت اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے ۔ حکومت ملک کے اندر بکھرے شیرازہ کو منظم کرے ، ہر کام فوج کے حوالے نہ کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 22 کروڑ عوام کی غالب اکثریت اسلام سے محبت اور اپنے مسائل کا حل تسلیم کرتی ہے ۔