ہر سطح پر تمام فارمیٹ کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائیگا:نعمان بٹ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ریجن میں کھیل کی سرگرمیوں میں اضافہ، نوجوانوں کے لیے کھیل کی بہتر سہولیات اور مواقع پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ معمول کے ٹورنامنٹس سے ہٹ کر بھی مقابلے کروائے جائیں گے۔وہ سیالکوٹ ریجن اور مختلف اضلاع کے نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کرکٹ کا فروغ اور نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں تک لانا اور انکی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھانے کا اچھا موقع ہے۔ کوشش ہو گی کہ پی سی بی کے تعاون اور رہنمائی میں تمام مسائل حل کیے جائیں۔ سیالکوٹ سٹیڈیم، گوجرانوالہ سٹیڈیم سمیت تمام اہم میدانوں کو بہتر بنا کر عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہر سطح پر ہر فارمیٹ کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہم سیالکوٹ ریجن کے انتخابات میں ساتھ دینے والوں کے مشکور ہیں۔ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ کرکٹ کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سیالکوٹ ریجن میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے۔