سیکرٹری صحت پنجاب کا تقرر، گریڈ 18 کا افسر 20میں کیسے تعینات کیا جا سکتا ہے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے سیکرٹری صحت پنجاب کے عہدے پر گریڈ 18 کے افسر کے تقرر کیخلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو اس معاملے پر 30 روز میں قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس جواد حسن نے سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے حیرانی کا اظہار کیا کہ گریڈ 18 گریڈ کے افسر کو گریڈ بیس میں کیسے تعینات کیا جاسکتا ہے۔ درخواست گزار وکیل نے دعویٰ کیا کہ گریڈ 18 کی افسر کو گریڈ 20 کے عہدے پر سیکرٹری صحت پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے بر عکس گریڈ 18 کی افسر کو گریڈ 20 تعینات کیا گیا۔ وکیل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تقرر سیاسی بنیادوں پر کیا گیا اس لیے اس کو کالعدم قرار دیا جائے۔