عالمی قوتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لیں،چودھری اشرف
میرپور( نمائندہ خصوصی) سابق معاون خصوصی وزیراعظم آزادکشمیرچودھری محمد اشرف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت اپنے مظالم میں روز بروز اضافہ کر رہا ہے۔ بھارتی فورسزکی طرف سے تشدد کی حالیہ لہر نے امن پسند کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںجیسے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے نام نہاد سیکولر بھارت کا مکروچہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔بھارت کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر رہا ہے ۔بھارت جان لے کے پاکستان ایٹمی قوت ہے اورپاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوارہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی فورسیز مقبوضہ ریاست جموںوکشمیرمیں نہتے کشمیریوں پرانسانیت سوز مظالم ڈھائے رہی ہے۔ عالمی قوتیں بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لے ورنہ خطہ کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔