کینسر کے مریض بچوں کو پا ئلٹ بننے کی خواہش کی تکمیل
کراچی(سٹی نیوز)قومی ایئر لائن پی آئی اے نے گزشتہ روز میک اے وش پاکستان کے جان لیوا مرض میں مبتلا 2 بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش کی تکمیل کی۔ کینسر کے مرض میں مبتلا 12 سالہ سمیع حسین اور حذیفہ علوی نے میک اے وش سے پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں قومی ایئر لائن کے ایئر وائس مارشل سبحان نذیر سید نے پائلٹ یونیفارم میں ملبوس اِن بچوں کو پائلٹ ونگز لگائے اور اِن کی آخری خواہش کی تکمیل کی۔ بعد ازاں پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں اِن بچوں کو فلائٹ سیمولیٹر پر پائلٹ کی عملی ٹریننگ دی گئی۔ اس موقع پر میک اے وش فائونڈیشن پاکستان کے بانی صدر اشتیاق بیگ، کیپٹن عامر آفتاب، عامر میمن، ساجد قیوم، لاعلاج بچوں کے والدین اور رضاکار بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ میک اے وش فائونڈیشن پاکستان لاعلاج مرض میں مبتلا بچوں کی آخری خواہشات کی تکمیل کا عالمی ادارہ ہے اور پی آئی اے ادارے کا کارپوریٹ پارٹنر ہے۔